Poem on Quran|nazam|Hafiz e Quran|islamic poem

2 months ago
85

Please like subscribe and share... thank you
تہنیت نامہ بمناسبت تکمیلِ حفظِ قرآن باعزاز عزیزی محمد حسین رکن الدین شپائی

از: نورؔ بھٹکلی

اُسی کے نام سے آغاز کرتا ہوں ترانے کا
جو رب العالمیں ہے اور مدبّر ہے زمانے کا

زہے قسمت! بہت مدت سے تھی جو آس بر آئی
مرے لخت جگر کے حفظ قرآں کی خبر آئی

مبارک ہو تمہیں حاصل ہوئی انمول نعمت ہے
مبارک ہو ملی جو حفظِ قرآں کی سعادت ہے

تری توفیق سے یارب یہ دولت ہو گئی حاصل
ترے ہی فضل سے یہ دل بنا قرآن کا حامل

ہے ارشادِ نبی"وہ تم میں بہتر شخص کہلاۓ
جو خود قرآن سیکھے اور اُسے اوروں کو سکھلاۓ"

نصیحت ہے مری تم کو دلوں کو جوڑ کر رکھنا
سدا قرآن و سنت کا لبادہ اوڑھ کر رکھنا

ہمیشہ دل ترا معمور ہو آیاتِ قرآں سے
مزین ہو ترا کردار بھی اخلاقِ قرآں سے

تمھیں قرآں حیات دائمی کی رہ دکھاتا ہے
طریقِ زندگی ، آداب جینے کے سکھاتا ہے

تمھارے کارنامے کا زمانے میں جو چرچا ہے
خوشا! ام محمد کی توجہ کا نتیجہ ہے

خدا کے در پہ اُس کا نالۂ شب رنگ لایا ہے
دعاؤں کی بدولت تم نے یہ اعزاز پایا ہے

مبارک ہو تمہیں حفّاظ کے ماں باپ یہ مژدہ
سرِ محشر تمہیں پہناۓ گا رب تاجِ تابندہ

اگر قرآن کے دریا میں ہم غوطے لگائیں گے
علومِ دین کے اسرار ہم پر کھلتے جائیں گے

کتابِ رشد و حکمت ہے سراپا وعظ و عبرت ہے
پیام وحدتِ رب خاتمِ وحیٔ نبوت ہے

بشر کو اِس کی عظمت کا اگر ادراک ہوجاۓ
تو دنیا اسکی نظروں میں خس و خاشاک ہو جائے

دعا ہے نورؔ کی عالم میں اِس سے انقلاب آۓ
بروزِ حشر بن کر میری شافع ،یہ کتاب آۓ

email: ismailzunnurain4@gmail.com

Loading 1 comment...